اسلام آباد ،18؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کینیڈا کے مغربی صوبے برٹش کولمبیا کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے لیے کینیڈین حکومت نے فوج طلب کرلی ہے۔آگ کے باعث اب تک 39ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں، جنہیں حکومت کی جانب سے قائم کردہ کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔کینیڈا کے وفاقی وزیر برائے عوامی تحفظ رالف گوڈال نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ آگ مسلسل پھیل رہی ہے جس کے باعث صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے فوج بھیجنے کی درخواست کی ہے۔کینیڈا کی وزارتِ دفاع کے مطابق حکومت کی ہدایت پر فوج کے پانچ ہیلی کاپٹر اور دو جہاز فوری طور پر علاقے میں پہنچ گئے ہیں جو وہاں سے لوگوں کے انخلا اور آگ بجھانے والے عملے کی نقل و حرکت میں استعمال ہورہے ہیں۔رالف گوڈال کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ کہ آگ بجھانے کے لیے فوجی طیاروں کی مدد بھی لی جائے گی جب کہ آسٹریلیا کی حکومت بھی جنگل کی آگ بجھانے کے ماہر ین 50فائر فائٹرز کینیڈا بھیج رہی ہے جو بدھ کو علاقے میں پہنچ جائیں گے۔حکام کے مطابق آگ بجھانے کی کوششوں میں معاونت کے لیے دیگر صوبوں اور اداروں سے بھی 260اہلکار علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔برٹش کولمبیا کے محکمہ جنگلات کے مطابق آگ پھیلنے کے باعث اسے اختتامِ ہفتہ جنگل کے نزدیک واقعے بستیوں سے آبادی کے انخلا کے ایک درجن سے زائد نوٹس جاری کرنا پڑے ،جس کے بعد آگ کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 14ہزار سے بڑھ کر 39ہزار ہوگئی ہے۔صوبائی حکومت نے آگ بجھانے اور متاثرین کے عارضی قیام کے لیے ایک کروڑ کینیڈین ڈالر کا ہنگامی فنڈ قائم کردیا ہے۔حکام کے مطابق ،آگ برٹش کولمبیا کے بڑے اور ساحلی شہر وینکوور سے 350کلومیٹر شمال مشرق میں واقع جنگلات میں تقریبا 150کلومیٹر کے علاقے میں پھیلی ہوئی ہے۔